عہدِ نبوی میں لکھی گئی کتبِ احادیث
عہدِ نبوی میں لکھی گئی کتبِ احادیث
کتابی شکل میں احادیث کے جمع کرنے کا کام دورِ نبوی (صلی اللہ علیہ وسلم) میں ہی شروع ہو چکا تھا۔۔۔۔۔۔
1۔ کتاب الصدقۃ
حضرت عبداللہ بن عمر (رضی اللہ عنہ) سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کتاب زکوٰۃ لکھوائی لیکن ابھی اپنے عمال کو بھیج نہ پائے تھے کہ آپ (صلی اللہ علیہ وسلم) کی وفات ہو گئی۔ آپ (صلی اللہ علیہ وسلم) نے اسے اپنی تلوار کے پاس رکھ دیا تھا۔ آپ کی وفات کے بعد حضرت ابوبکر ٠رضی اللہ عنہ) نے اپنی وفات تک اس پر عمل کیا پھر حضرت عمر (رضی اللہ عنہ) نے اپنی وفات تک ۔
ترمذی ، كتاب الزكاة عن رسول الله صلى الله عليه وسلم ، باب : ما جاء في النهى عن المسالة ، حدیث : 624
2۔ صحیفہ صادقہ
حضرت عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہ نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث سے ایک صحیفہ مرتب کیا جسے ’صحیفہ صادقہ‘ کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ حضرت عبداللہ بن عمرو (رضی اللہ عنہ) کا بیان ہے کہ : صادقہ ایک صحیفہ ہے جو میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سن کر لکھا ہے۔
حوالہ جات :
طبقات ابن سعد ، ، ج:2 ، ص:408
اسد الغابہ ، از:ابن الاثیر ، ج:3 ، ص:222
صحیفہ ہمام بن منبہ ، مطبوعہ فیصل آباد ، ص:26
3۔ صحیفہ علی
ابو جحیفہ روایت کرتے ہیں کہ انہوں نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے پوچھا کہ :
کیا تمہارے پاس کوئی (اور بھی) کتاب ہے؟
انہوں (رضی اللہ عنہ) نے فرمایا کہ : نہیں ! مگر اللہ کی کتاب قرآن ہے یا پھر فہم ہے جو وہ ایک مسلمان کو عطا کرتا ہے یا پھر جو کچھ اس صحیفے میں ہے۔
میں نے پوچھا : اس صحیفے میں کیا ہے؟
انہوں (رضی اللہ عنہ) نے فرمایا : دیت اور قیدیوں کی رہائی کا بیان ہے اور یہ حکم کہ مسلمان ، کافر کے بدلے قتل نہ کیا جائے۔
صحیح بخاری ، كتاب العلم ، باب : کتابۃ العلم ، حدیث : 111
4۔ حضرت انس (رضی اللہ عنہ) کی تالیفات
حضرت انس (رضی اللہ عنہ) نبی کریم (صلی اللہ علیہ وسلم) کی خدمت میں دس برس رہے۔ آپ (رض) نے عہدِ رسالت ہی میں احادیث کے کئی مجموعے لکھ کر تیار کر لیے تھے۔
حضرت انس (رضی اللہ عنہ) کے شاگرد سعید بن ہلال فرماتے ہیں کہ ہم جب حضرت انس (رض) سے زیادہ اصرار کرتے تو وہ ہمیں اپنے پاس سے بیاض نکال کر دکھاتے اور کہتے : یہ وہ احادیث ہیں جو میں نے نبی () سے سنتے ہیں لکھ لی تھیں اور پڑھ کر بھی سنا دی تھیں۔
( المستدرک للحاکم ، ذکر انس بن مالک ، مطبوعہ : دائرۃ المعارف حیدرآباد دکن)
5۔ حضرت ابن عباس (رضی اللہ عنہ) کی مرویات
ایک دفعہ طائف کے چند لوگ حضرت ابن عباس (رضی اللہ عنہ) کے پاس آئے تو آپ نے اپنا جزودان نکالا اور اس میں سے چند احادیث انہیں املا کرائیں ۔
ترمذی ، كتاب العلل ، باب : 1 ، حدیث : 4386
6۔ صحیفہ حضرت جابر بن عبداللہ (رضی اللہ عنہ)
یہ مجموعہ مناسک حج اور خطبہ حجۃ الوداع پر مشتمل تھا۔
صحیفہ جابر بن عبداللہ کو ان کے شاگرد وہب بن منبہ (م:110) اور سلیمان بن قیس لشکری نے مرتب کیا۔
ترمذی ، كتاب البيوع عن رسول الله صلى الله عليه وسلم ، باب : ما جاء في ارض المشترك يريد بعضهم بيع نصيبه ، حدیث : 1360
7۔ صحیفہ عمرو بن حزم (رضی اللہ عنہ)
جب رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے عمرو بن حزم (رضی اللہ عنہ) کو یمن کا گورنر بنا کر بھیجا تو فرائض و سنن اور صدقات و دیات پر مشتمل احکام لکھوا کر دئے۔
(بحوالہ : تاریخ الحدیث و المحدثین ، ص : 3033)