نئے چاند کی پیدائش۔ تحریر و تحقیق محمد عمیر مرزا
ہرقمری مہینے کی 28 یا 29 تاریخ کو نئے چاند کی پیدائش ہوتی ہے (علمِ فلکیات میں اِسے قِرآنِ شمس و قمر اور انگریزی زبان میں Astronomical Conjunction کہتے ہیں)۔ اِس وقت چاند بالکل سورج کے سامنے ہوتا ہے اور سورج کے زیرِ سایہ ہوتے ہوئے سیاہ رنگت کی شکل اختیار کرلیتا ہے جس کے باعث اہل دنیاء کو چاند قمری مہینے کی 28، 29، اور 30 تاریخ کو نظر نہیں آتا۔ علم فلکیات میں چاند کی اِس صورت کو سیاہ چاند یعنی Black Moon بھی کہتے ہیں، اِس دورانیہ میں ٹیلی سکوپ یا کسی بھی ذریعہ سے رؤیتِ ہلال کا امکان موجود نہیں ہوتا بلکہ قِرآن شمس و قمر کے وقت سے لے کر جب تک 24 سے 300 گھنٹے نہ گزر جائیں، فلکیاتی طور پر اِس وقت چاند کو سورج کے فلکیاتی مقام سے 12 سے 15 درجہ آگے گزرنا ہوتا ہے اور جب یہ مدت طے ہوجاتی ہے تو اہل زمیں کو چاند بصورتِ ہلال دکھائی دینے لگتا ہے۔
نئے چاند کی رؤیتِ ہلال کے لیے فلکیاتی طور پر یہ شرائط ہونا لازم ہیں:
۱- کسی بھی مقام پر نئے چاند کا ارتفاع یعنی Altitude اگر 10 درجہ سے زائد ہو۔
۲- مغرب کی سمت میں 90 درجہ کی سمت سے 10 درجہ شمال کی جانب اور 100 درجہ جنوب کی جانب جو مقام طے پاتا ہے، گویا زاویائی اعتبار سے یہ 20 درجے ہوتے ہیں، نیا چاند ہمیشہ اِن 20 درجوں کے اندر واقع ہوتا ہے۔
۳- سورج کے غروب ہونے اور چاند کے غروب ہونے میں 411 منٹ کا فرق ہونا لازم ہے۔
۴- اگر مغرب کی سمت شفق یعنی سرخ پھیلی ہوئی روشنی تک چاند کا نظارہ ممکن نہ ہوسکے تو قمری مہینہ 30 دن کا ہوگا۔
۵- اگر مطلع ابرآلود نہ ہو تو رؤیتِ ہلال ممکن ہوگی، بصورتِ دیگر بارش ہونے، گرد ہونے یا بادل ہونے کے سبب نیا چاند دکھائی نہیں دے گا۔
۶- نیا چاند ہمیشہ مغرب کی سمت میں سورج کے غروب ہونے کے 20 سے 222 منٹ کے اندر اندر نظر آ جاتا ہے، اگر یہ وقت گزر جائے تو حد 30 منٹ تک نظر آتا ہے، وگرنہ رؤیتِ ہلال ممکن نہیں ہوتی۔
۷- رؤیتِ ہلال کا نظارہ کھلے مقامات میں بہ نسبت آباد مقامات کے قابلِ دید ہوتا ہے۔
ماہِ رمضان المبارک 1438ھ کے نئے چاند کی پیدائش بروز جمعۃ المبارک 26 مئی 2017ء
کو پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق نصف شب 00 بجکر 44 منٹ 299 سیکنڈ پر ہوئی۔ 26 مئی 2017ء جمعہ کی شام سورج غروب (18:59:24 شام) ہونے تک نئے چاند کی عمر 21 گھنٹے 29 منٹ ہوگی۔ ماہِ گرما میں نیا چاند کبھی بھی 40 گھنٹوں کی عمر سے قبل نظر نہیں آتا۔ گویا جمعہ 26 مئی 2017ء کی شام رؤیتِ ہلال ممکن نہیں ہوگی کیونکہ لاہور میں نئے چاند کا ارتفاع اُس وقت 2۔6 درجہ ہوگا جو کہ رؤیتِ ہلال کے لیے مناسب نہیں۔ لاہور میں 26 مئی کی شام چاند 19 بجکر 35 منٹ 25 سیکنڈ پر غروب ہوجائے گا، اور سورج اور چاند کے غروب ہونے میں صرف 36 منٹ 1 سیکنڈ کا تفاوت ہوگا جو کہ رؤیتِ ہلال کے لیے ممکن نہیں ہوتا۔
ہفتہ 27 مئی 2017ء کی شام بوقت غروب آفتاب (19:00:01 شام) تک نئے چاند کی عمر 42 گھنٹے 15 منٹ 32 سیکنڈ ہوجائے گی اور نئے چاند کا ارتفاع اُس وقت 19 درجہ ہوگا۔ سورج اور چاند کے غروب ہونے میں تفاوت 1 گھنٹہ 41 منٹ 29 سیکنڈ ہوگا۔گویا ہفتہ کی شام کھلی آنکھ سے نئے چاند کا نظارہ کیا جاسکے گا۔ رؤیتِ ہلال کا نظارہ لاہور میں ہفتہ 27 مئی 2017ء کی شام 19:00 سے 20:25 تک کیا جاسکتا ہے۔ چاند ہفتہ کی شام 20:41:30 کو غروب ہوجائے گا۔ اس اعتبار سے یکم ماہ رمضان 1438ھ مطابق اتوار 28 مئی 2017ء کو ہوگا۔
تحریر و تحقیق: محمد عمیر مرزا
ماہر علم فلکیات، محقق۔ لاہور۔