صلاحیت از نمرہ رفیقی

کچھ دن پہلے مجھ سے کسی نے سوال کیا کہ لوگ کہتے ہیں ہر شخص کے اندر کوئی نہ کوئی خاص صلاحیت ہوتی ہے جو اسے دوسروں سے ممتاز کردیتی ہے تو میرے اندر ایسی کون سی صلاحیت ہے؟جواب یہ تھا کہ جو کام آپ دوسروں کی نسبت زیادہ بہتر طور پر کرسکتے ہیں اور جسے کرنا آپ کے لیے باعث مسرت اور آسان ہو، وہی آپ کی اضافی صلاحیت، خوبی یا ٹیلنٹ ہے جس سے اللہ نے آپ کو نوازا ہے۔ خواہ وہ کام بظاہربڑا ہو یا چھوٹا۔
اللہ تعالیٰ نے ہر فرد کوکچھ منفرد خوبیوں سے نوازا ہے۔ ہرشخص دوسرے افراد سے نمایاں نظر آ سکتا ہے اگر وہ اپنی اضافی صلاحیت کو پہچان کر اس کا بہتر استعمال کرناجانتا ہو۔ مثال کے طور پر کسی شخص کا انداز گفتگو ایسا ہے کہ وہ دوسروں کی نسبت زیادہ بہتر طریقے سے اپنی بات سمجھا سکتا ہے۔کسی کے قلم میں اتنی طاقت عطا کی گئی ہے جس سے لکھنے والے کی بات لوگوں کے دل میں اتر جاتی ہے۔کسی کی ذہنی صلاحیت و استعداد باقی لوگوں سے زیادہ رکھی گئی ہے۔یہ اور دیگر ان گنت صفات ایسی ہیں جن میں سے ایک یاچند صفات تقریباً ہر شخص میں موجود ضرور ہوتی ہیں جو اسے باقی لوگوں سے ممتاز بنا تی ہیں۔
لیکن انتہائی افسوس سے یہ بات کہنا پڑتی ہے کہ ہم میں سے اکثر اپنی ان صلاحیتوں کو ساری زندگی یا تو پہچان ہی نہیں پاتے یا پہچاننے کے باوجود اسے نظرانداز کردیتے ہیں اور اس طرح قدرت کی بخشی عظیم نعمت سے غفلت برتتے ہیں۔
اگر آپ یہ جاننا چاہتے ہیں کہ آپ کی کون سی صلاحیت ہے جو آپ کو خود میں ایک خاص انسان بناتی ہے تو آپ اپنے روزمرہ کاموں کا جائزہ لیں کہ کس کام کو آپ دیگر کاموں کی نسبت زیادہ بہتر کرتے ہیں۔کون سا کام آپ کو اچھا لگتا ہے۔ کس چیز کوکرنے میں آپ کو مزہ آتا ہے۔ آپ کے نزدیکی افراد بھی آپ کے کسی ایسے کام کی نشاندہی کر سکتے ہیں۔اس چیز کی سب سے زیادہ ضرورت نوجوانوں کو ہوتی ہے۔ ان کے والدین، اساتذہ اور بڑوں کو اس حوالے سے ان کی مدد کرنی چاہیے۔ جب اس خوبی یا صلاحیت کی نشاندہی ہوجائے تو اس کام سے متعلق باقاعدہ تعلیم حاصل کرنے کی کوشش کریں۔پھر اسی کو اپنا پیشہ بنائیں۔ اس سے فرق نہیں پڑتا کہ اس فن یا پیشے سے کتنا معاشی مفاد وابستہ ہے۔ اگر اس کی معاشی اہمیت کم ہے تب بھی یہ کام آپ کو ہمیشہ خوشی دے گا اور آپ مطمئن زندگی گزاریں گے۔
ہمیں ایک اور پہلو سے اپنی صلاحیت کو دیکھنا چاہیے۔ وہ یہ کہ ایک مسلمان ہونے کی حیثیت سے ہم اللہ کی رضا اور اس کے دین کی روشنی کو عام کرنے میں اپنی ان خوبیوں یا صلاحیتوں کا استعمال کریں۔ کیونکہ یہ اللہ کی طرف سے ایک قیمتی انعام ہیں جس پہ ہمیں نہ صرف اپنے رب کا شکرادا کرنا چاہیے بلکہ اس کی رضا کے حصول کے لیے بھی انہیں استعمال کرنا چاہیے۔ یہ چیز ہماری آخرت کو بہتر بنادے گی۔

By Nimra Rafiqui
Inzaar.org
YouTube Channel: Inzaar

 
Dr. Muhammad Hamidullah
Visit Website of Dr. Muhammad Hamidullah
ماخذ فیس بک
Leave A Reply

Your email address will not be published.