نیکی اور بدی کی اقسام -پارٹ 2 ،تحریر قاری حنیف ڈار
https://urdu.i360.pk/نیکی-اور-بدی-کی-اقسام-پارٹ1،-تحریر-قاری/
ھمارے ایک دوست ھیں جن کا 24 سال کا جوان بیٹا موٹر بائیک کے حادثے میں فوت ھو گیا ، ان کی اھلیہ کی حالت انتہائی خراب ھے ،، رات گلہ کر رھے تھے کہ وہ جو ساری اس کی دیندار سہیلیاں تھیں جو تین تین پردوں میں آتی تھیں ،جن کے دروسِ قرآن میں گھر والی جایا کرتی تھی اور ان کے دروس اپنے گھر میں رکھا کرتی تھی ،،اور دعا کیا کرتی تھی کہ اللہ مجھے ان کے ساتھ جنت میں لے جائے ،، ان میں سے کسی نے پلٹ کر اس سے فون پر بھی بات نہیں کی کہ چلو تسلی کے دو بول انسان کو بول دیتا ھے ،حوصلہ دیتا ھے ،، تھوڑی دیر سہی اس کا دھیان بٹ جاتا ھے ،،، مگر مجال ھے جو پہلے دن کے بعد کسی نے پوچھ ھی لیا ھو کہ کیا بیت رھی ھے ، دو خواتین تھیں جو درس میں ھی آیا کرتی تھیں مگر پردہ نہیں کرتی تھیں اور وائف ھمیشہ ان کی غیبت ھی کرتی رھتی تھی کہ بھلا ان کو درس سننے کی ضرورت ھی کیا ھے ، اور لوگ کیا کہتے ھونگے جب وہ ھمارے گھر سے بے پردہ نکلتی ھونگی ،،، بس وھی دونوں بےپردہ مسلسل ھر دوسرے دن آتی ھیں ،کھانا بھی گھر سے بنا لاتی ھیں اور اصرار کر کے اھلیہ کو اپنے ھاتھوں سے کھلا کر جاتی ھیں ،گھر والی دو دو دن بھوکی رھتی ھے ، اللہ ان عورتوں کو جزاء دے ان کی وجہ سے چند نوالے اس کے منہ میں چلے جاتے ھیں ،،
بلو ائیرلائن کی پرواز سے گھر والی اسلام سے ابوظہبی آ رھی تھیں تو فلائیٹ میں ایک خاتون تھی جس کا چھوٹا سا بچہ تھا ،، درمیان والی سیٹ پر اس کے ساتھ ایک باریش مرد بیٹھا تھا جس کے ساتھ اس کی گھر والی دائیں جانب بیٹھی ھوئی تھی ،، اس خاتون کا بچہ دودھ کے لئے رو رھا تھا اس نے پہلے تو کیبن کریو سے کہا کہ اسے کوئی سیٹ تبدیل کر کے دی جائے جہاں وہ بچے کو فیڈ کر سکے مگر انہوں نے کہا کہ جناب آپ خود ھی آپس میں کوئی کمپرومائز کر لیں ،، اس خاتون نے اس باریش شخص سے کہا کہ بھائی جان آپ دوسری جانب ھو جائیں اور اپنی گھر والی کو میرے والی طرف کر دیں تو میں بچے کو دودھ پلا لوں ،، مگربار بار کی استدعا کے باوجود وہ صاحب ٹس سے مس نہ ھوئے بلکہ تسبیح پر مزید مشقت فرمانے لگے ،، آخر تیسری چوتھی صف سے ایک عورت جس کا لباس تو معقول تھا مگر اس نے نقاب نہیں کیا ھوا تھا یعنی مولوی صاحب کے فتوے کے مطابق فاسق تھی ، وہ اٹھ کر آئی اور اس مولوی صاحب کے پاس بیٹھی اور اس خاتون کو اپنے والی نشت پر دوسری عورت کے پاس بھیج دیا کہ چلو اگر ان صاحب نے رانجھا راضی کرنا ھی ھے تو میں تمہارے لئے قربانی دیتی ھوں ،،،، اب اس ظاھر کی شکل و صورت پہ کوئی کیا بھروسہ کرے ،جب انسان بورڈ فارمیسی کا لگائے تو اندر کسی کے درد کی دوا بھی ھونی چاھئے نہ کہ ھیروئین رکھ کر بیٹھا ھو ،، ایسے لوگوں کی حالت اس فیوز بلب کی سی ھوتی ھے جس کو دیہات میں خواتین ڈیکوریشن پیس کے طور پر گلاس کے اوپر سجا دیتی ھیں ،،
حقیقت یہ ھے کہ عبادات جن کو حقوق اللہ کہا جاتا ھے وہ انسان کو حقوق العباد کے لئے مستعد کرتے اور رکھتے ھیں ،، اگر فوج کی ساری ٹریننگ ایک مقصد کے تحت کی جاتی ھے کہ وہ وقت آنے پر دشمن کا سامنا کرے ،، اور فوج جب وقت آئے تو بھاگ نکلے تو اللہ کے نزدیک یہ شرک کے درجے کا گناہ ھے ، اسی وجہ سے اللہ پاک نے ایسے بے ثمر نمازیوں کے لئے قرآن کی سخت ترین اصطلاح استعمال فرمائی ھے جو کہ کافروں اور مشرکوں کے لئے استعمال فرماتا ھے،” قویلۤ للمصلین ” ویل ھے نمازیوں کے لئے ،، جو اپنی نماز کے مقصد سے غافل ھیں ،، جن کی نماز بس دیکھنے میں نماز لگتی ھے بلکہ شاید طویل بھی ھو ،مگر جس میں جوھر نہیں ھے ،، نامرد اور مرد میں بظاھر کوئی فرق نہیں ھوتا بلکہ شاید نامرد کی مونچھیں کچھ زیادہ ھی گھنی ھوتی ھیں ،، مگر وقت اس فرق کو واضح کرتا ھے ،، اللہ کے رسول ﷺ سے پوچھا گیا کہ ایک عورت ھے جو بڑی پرھیز گار ھے ، فرائض کے ساتھ نوافل کا اھتمام بھی کرتی ھے ،، مگر اس کے پڑوسی اس سے بہت تنگ ھیں ،، تو آپ ﷺ نے فرمایا ، انھا فی النار ” وہ آگ میں ھے ،، دوسری خاتون کے بارے میں پوچھا گیا کہ وہ بس فرض عبادات کا اھتمام کرتی ھے ایکسٹرا نماز روزے نہیں کرتی مگر پڑوس اس ے بہت خوش ھے ،تو جناب رسالمآب ﷺ نے فرمایا کہ ” انھا فی الجنۃ ” وہ جنت میں ھے ،،
گزارش بس اتنی ھے کہ دکان پر جو بورڈ لگا ھو اندر سامان بھی وھی ھونا چاہئے. ورنہ لوگوں کا تراہ نکل جاتا ھے اور بعض تراہ بڑے ایمان لیوا ھوتے ھیں ..
https://urdu.i360.pk/نیکی-اور-بدی-کی-اقسام-اور-اثرات،-تحریر-ق/
[…] https://urdu.i360.pk/نیکی-اور-بدی-کی-اقسام-پارٹ-2-،تحریر-قاری/ […]
[…] https://urdu.i360.pk/نیکی-اور-بدی-کی-اقسام-پارٹ-2-،تحریر-قاری/ […]